پاکستان عزم و استقلا ل سے کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے: عمرا ن خان 

  پاکستان عزم و استقلا ل سے کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے: عمرا ن خان 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف مظفرآباد جاکر بڑے جلسے کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ جمعہ 13 ستمبر کو مظفرآباد میں ایک بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں جس میں وہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل پابندیوں پر پیغام دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیغام واضح کرے گا کہ پاکستان ایک عزم و استقلال کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔علاوہ ازیں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے تحت منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا ہے تاکہ مسائل کے حل میں دشواری نہ ہو۔اجلاس میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عملدرآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی، ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہوگا جبکہ نئے نظام سے فنڈز کی امتیازی تقسیم کی روش کی بھی روک تھام ممکن ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے عوام کو اہل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی، منتخب نمائندگان بلارکاوٹ اپنی توانائیاں تعمیروترقی اور مسائل حل کرنے میں صرف کرسکیں گے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری برادری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت پیدا ہوگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں  قائم ہونے والے مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے کاٹیج بزنس اینڈ ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔دریں اثناء  وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور پولیس اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پولیس اصلاحات سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیں یوم عاشور پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستانی اور بہادر کشمیری کربلا کے پیغام کو مدنظر رکھ کر ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں،ظلم کے خلاف جہدوجہد ہمیشہ کامیاب ہوگی جیسا کہ شہدا کربلا  نے کردکھایا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشرے میں ہونے والی نا انصافی کا سچ اور حوصلے سے مقابلہ کریں۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : صفحہ اول


loading...