مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 50سے زائد ممالک نے بھارت کو آئینہ دکھا یا: فردوس عاشق

  مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 50سے زائد ممالک نے بھارت کو آئینہ دکھا یا: فردوس ...

اسلام آباد /سیالکوٹ(آئی این پی،بیورو رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جنیوا میں مقبوضہ کشمیر پر 50سے زائد ممالک کا اعلامیہ بھارت کیلئے آئینہ ہے اور کشمیر کاز سے پختہ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارتی غرور و تکبر خاک میں مل رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا  جنیوا میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر 50سے زائد ممالک کا مشترکہ اعلامیہ بھارت کے لئے آئینہ ہے جس میں وہ انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کا کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا اوربھارت سے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کا مطالبہ مظلوموں کیلئے باعث حوصلہ ہے۔انہوں نے کہا یہ اعلامیہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عالمی ضمیر جگانے کی ہماری مسلسل سفارتی کاوشوں کی کامیابی و کامرانی اور کشمیر کاز سے پختہ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پوری دنیا بھارتی جبر اور طاقت کے بہیمانہ استعمال کے خلاف یک زبان ہے۔ بھارتی غروروتکبر خاک میں مل رہا ہے۔مزید برآں یوم عاشور پرسیالکوٹ میں سالانہ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔نواسہ رسولؐ،جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں شجاعت و بہادری کی وہ عظیم تاریخ رقم کی ہے کہ جس کی کہیں مثال نہیں ملتی۔قبل ازیں خلیفہ مجاز چورہ شریف پیر صوفی مظہر حسین اعوان نقشبندی،ضلعی چیئرمین برائے لیگل ونگ مشائخ وعلماء کونسل چوہدری فرحت عباس ایڈووکیٹ،چیف کوارڈی نیٹر کینیڈا قاری ارشد چوراہی،چوہدری مقصود علی وڑائچ، ملک محمد اشرف نقیبی و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات،مختلف مکاتب فکر کے افراد کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔کانفرنس سے علامہ حافظ محمد لقمان اویسی،قاری محمد رضوان فیضی،عابد علی معصومی،حافظ عمیر ضمیر رانا،حافظ ذوہیر ضمیر رانا،عادل بشیر ودیگر نے بھی خطاب اور ہدیہ نعت و منقبت حضرت امام عالیٰ مقام پیش کی۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول


loading...