ملکی سالمیت، خوشحالی کے تمام راستے کوٹ لکھپت جیل کی طرف جاتے ہیں: مسلم لیگ (ن)

ملکی سالمیت، خوشحالی کے تمام راستے کوٹ لکھپت جیل کی طرف جاتے ہیں: مسلم لیگ (ن)

  

لاہور(نمائندہ خصوصی، این این آئی)مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اورعوام کی خوشحالی کو خطرات کی نذر کر دیا گیا ہے،ملکی سالمیت اور عوامی خوشحالی کے تمام راستے کوٹ لکھپت جیل کی طرف جاتے ہیں،نواز شریف کو دوبارہ وہی ذمہ داری سونپی پڑے گی تو ہی ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا،عمران خان نے آج تک یونین کونسل نہیں چلائی لیکن سازش کے ذریعے 20کروڑ عوام کا وزیر اعظم بن گیا،ہر بڑے منصوبے پر (ن) لیگ کی مہر لگی ہوئی ہے،ترقی کا نسخہ اور ٹیم صرف (ن) لیگ کے پاس ہے،ملک نے آگے بڑھنا اور بہترین معیشت بننے کا قائد کا خواب پورا کرنا ہے تو اس کا راستہ نئے انتخابات ہیں،2020 نئے انتخابات کا سال ہے،پی ٹی آئی کا حال (ق) لیگ سے بھی برا ہو گا،اگر نواز شریف نے ڈیل کرنا ہوتی تو وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ جیل کاٹنے لندن سے واپس پاکستان نہ آتے،بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے گرا نقدر خدمات ہیں،انہوں نے مشکل وقت میں جمہوریت کا علم اٹھایا۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح اور بیگم کلثوم نواز کی برسی کی مناسبت سے ”قائد اعظم محمد علی جناح کا جمہوری پاکستان“کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے سیکرٹر ی جنرل احسن اقبال،مرکزی رہنما پرویز سینیٹر رشید،سینیٹر آصف کرمانی، لاہو رکے صدر پرویز ملک،،شائستہ پرویز ملک،خواجہ عمران نذیر سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے بہت اہم دن ہے،آج قائد اعظم اور بیگم کلثوم نواز کی برسی کا بھی دن ہے۔بیگم کلثوم نواز جمہوریت کے قافلے کی اہم رہنما اور قائد اعظم کے نظریات کی سچی پیروکار تھیں۔انہوں نے کہاکہ آج ہم اس ملک میں آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں،عوام کی حکمرانی کی بات کرنے والا کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے،قائد اعظم نے عوام کی حکمرانی والا نظام حکومت چلانے کے لئے ملک حاصل کیا تھا،آج پاکستان اقتصادی اور معاشی محاذ پر ہچکولے کھا رہا ہے،ہم نے اس ملک اور اس کی معیشت کو بڑی مشکل سے پیروں پر کھڑا کیا،دنیا بھر کے ادارے ہماری ترقی کی گواہی دے رہے تھے،آج ہماری معاشی ترقی کو ایک سال میں کریش کر کے معاشی تنزلی کا عالمی ریکارڈ بنا دیا گیا،بھارت،بنگلہ دیش اور سری لنکا ہم سے پیچھے تھے لیکن آج وہ ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے ترقی اور لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہونے تھے لیکن ایک سال میں 10 لاکھ افراد کو بیروزگار کر دیا گیا ہے،ایک سال میں 4 لاکھ مزید افراد کو خط غربت سے مزید نیچے دھکیل دیا گیا ہے۔اس حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ پیدا کر کے ملکی ترقی اورسالمیت کے لئے خطرات پیدا کر دئیے ہیں،ہمیں کہا جاتا تھا کہ 5 سالوں میں 10 ہزار ارب روپے قرضہ لیا،لیکن ہم نے اس سے موٹر ویز اور بجلی کے منصوبے لگائے۔موجودہ حکومت نیایک سال میں ہم سے زیادہ قرضے لے لئے ہیں لیکن ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ملک سے سرمایہ اور دماغ بھاگ رہا ہے کیونکہ یہاں لوگوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر تذلیل کی جا رہی ہے،اس تنزلی کو نہ روکا گیا اور یہی معمول جاری رہا تو ہمیں اپنی خود مختاری کا سودا کرنا پڑ جائے گا،اقتصادی دیوالیہ پن سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کا راستہ روکیں اور نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ ترقی کا سفر شروع کریں،تاریخ نواز شریف کی بے گناہی اور سچائی کی گواہی دے گی،نواز شریف کیس کی حقیقت جج ارشد ملک کیس کے ذریعے پوری دنیا کو پتہ لگ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی بات کیسے کر سکتے ہیں جب ملک میں انصاف کے پیمانے ایسے ہوں،ہمیں کشمیر میں ظلم کی بات تب کرنی چاہیے جب ملک میں بھی مکمل انصاف مل رہا ہو۔مجھے عدلیہ اور نظام عدل پر مکمل یقین ہے کہ نواز شریف سے ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے گا۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ تمام لیگی کارکنان نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کی سیاسی جدوجہد سے نہ صرف واقف ہیں بلکہ اس کا طویل عرصے سے حصہ بھی رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سالگرہ اور قائد اعظم کا یوم پیدائش،قائداعظم اور بیگم کلثوم کا یوم وفات کا دن ایک ہی ہے،یہ اعزاز کسی جماعت کو حاصل نہیں،پاکستان کو بنانے والا اور سنوارنے والا ایک ہی دن پیدا ہوتا ہے۔ پرویز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج کے دن قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو سنوارنے کا عزم ہے،بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے گرا نقدر خدمات ہیں،بیگم کلثوم نواز نے مشکل وقت میں جمہوریت کا علم اٹھایا،مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتیں ان کی جمہوری خدمات کو تسلیم کرتی ہیں،قوم قائد اعظم اور کلثوم نواز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔آصف کرمانی نے کہاکہ قائد اعظم کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔نواز شریف کو ایسے جرم میں جیل میں پھینک دیا گیا ہے جو انہوں نے کبھی کیا ہی نہیں۔اگر نواز شریف نے ڈیل کرنا ہوتی تو وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ جیل کاٹنے لندن سے واپس پاکستان نہ آتے۔آج پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔موجودہ دور مشرف کی آمریت سے بھی بدترین دور ہے۔اس حکومت نے ایک سال میں ملک کا ستیاناس کر دیا ہے۔کچھ لوگوں نے اپنے عہدے بچانے کے لئے نواز شریف کا ساتھ چھوڑا ہے۔ایسے لوگوں کو اپنی صفوں سے نکال کر باہر پھینک دیا جائے۔نواز شریف ایک نظریے کا نام ہے جو ملک بھر میں پھیل چکا ہے۔حکمران اب بھی ہوش کے ناخن لیں شیر نہ صرف چوتھی مرتبہ بلکہ بار بار آئے گا۔

مسلم لیگ(ن) 

مزید :

صفحہ اول -