ثناءمیر نے ایک مرتبہ پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو ’نیشنل گیم چینجر ایوارڈ‘ کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے جس کیلئے تقریب کا اہتمام 24 اکتوبر کو امریکی شہر نیویارک میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیاءسوسائٹی کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ثناءمیر کا نام دیگر 5 خواتین کے ساتھ شامل ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ایشیا سوسائٹی ہر سال اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازتی ہے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ ایوارڈز کے لئے نامزد ہونے والی تمام خواتین ہیں۔
ثناءمیر نے اپنے ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ انہیں کرکٹ کے کھیل میں ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے لکھا کہ عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی موجودگی میں یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔
واضح رہے کہ تجربہ کار آل راﺅنڈر ثناءمیر ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ بھی رقم کر چکی ہیں اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی ویمن سپنر کا اعزاز اپنے پاس رکھتی ہیں۔رواں سال ثنا میر کو انٹرنیشنل ویمنز کمیٹی میں ان کے وسیع تجربے کے سبب بحیثیت رکن منتخب کیا گیا تھا۔اس وقت وہ آئی سی سی کھلاڑیوں کی درجہ بندی کے مطابق خواتین کے ایک روزہ کرکٹ کے گیند بازوں میں آٹھویں درجہ پر فائز ہیں۔