اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے،تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں:سردار عثمان بزدار

اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے،تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ...
اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے،تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں:سردار عثمان بزدار

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کرتے رہیں گے،ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر قانونی و غیر آئینی بھارتی اقدام اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی،دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور اتحادی جماعت کو ساتھ لے کرچلیں گے،تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں،اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے،سابق دور میں صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے،عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے،ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیاگیا،سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی،تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے، ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے،پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے، نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا،اختیارات عوام کے حقیقی نمائندوں کو نچلی سطح پر منتقل کر کے بلدیاتی نظام کو نئے خطوط پر استوار کیا جارہاہے،تحریک ا نصاف کی حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا-

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ تھے،ہیں اور رہیں گے،مل جل کرصوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں،سابق دور میں ترقی کے نام پر تماشہ کیا گیا،خادم اعلیٰ کی شو بازیاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں،سابق دور میں صوبےکاحلیہ بگاڑا گیا،میر ے دور حکومت میں پنجاب ترقی کی عملی تصویر پیش کررہا تھا،ہم نے صوبے کے خزانے کو سرپلس چھوڑا،بدقسمتی سے ماضی کی حکومت نے صوبے کو دیوالیہ کردیا،میرےدورکے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا،فلاح عامہ کے ا ن منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی،اخلاقی اوربین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑارہاہے اورمسلسل 39روز سے جاری کرفیو سے مظلوم کشمیری عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،مودی آج کا یزید بن چکا ہے اوریزیدیت کا یہ دور جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری عوام کیساتھ بھارت کی ظلم و زیادتی پر عالمی برادری کی خاموشی بڑے انسانی سانحہ کو جنم دے سکتی ہے،مقبوضہ کشمیر میں سسکتی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کیلئے اقوام عالم کو خواب غفلت سے جاگنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت جتنا مرضی ظلم کرلے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا،مودی سرکار کی مکاری اورعیاری اقوام عالم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے،بھارت ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا ہے اورمودی کا نظریہ ہٹلر ازم بھارت کو لے ڈوبے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے برسوں سے جدوجہد کرنیوالے معصوم کشمیریوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا اورانشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی محاذ پر تنازع کشمیر کوموثر طریقے سے اجاگر کیا ہے اوروزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر بن کر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اوردنیا میں رائے عامہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیرکے بغیر نامکمل ہے،پاکستان اور کشمیر ایک تھے، ہیں اور رہیں گے،بھارت کے کشمیر یوں کے ساتھ بدترین سلوک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،جو آگ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں لگائی ہے وہ بھارت کو جلا کر راکھ کردے گی۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی کے والدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جواررحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...