وزیراعلیٰ کے لیٹر پیڈ پر انکے بھائی سردار جعفر خان بزدارکے حوالے سے لکھی گئی تحریرجعلی ہے:ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ کے لیٹر پیڈ پر ان کے بھائی سردار جعفر خان بزدارکے حوالے سے لکھی گئی تحریرجعلی ہے جبکہ سردار جعفر خان بزدار کے نام سے کیے جانیوالے دستخط بھی جعلی ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،جعلی لیٹر پیڈ جاری کرنے والے شخص کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے بھائی کا نام استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔ترجمان نے مزید کہاکہ گاڑی نمبر ایل ڈبلیوایل916 وزیراعلیٰ کے کسی عزیز کے زیر استعمال نہیں ہے۔
واضح رہے کہ میڈیا میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے بھائی سردار جعفربزدار کے حوالے سے خبریں آئیں تھیں کہ اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا لیٹر پیڈ استعمال کیا جس پر ایک گاڑی کا نمبر درج تھا ۔لیٹر پیڈ پر تحریر کیا گیا ہے کہ گاڑی کا مالک قریبی عزیز ہے،لیٹر پیڈ پر سردار جعفر بزدار کا نام واضح طور پر درج تھا۔ لیٹر پیڈر کی تصویر ایک ٹریفک وارڈن نے بنائی۔مذکورہ گاڑی کے مالک نے اس لیٹر پیڈ کی لیمینیشن کروائی ہوئی تھی اور وہ شہر میں جگہ جگہ یہ لیٹر پیڈر دکھا کر چالان ہونے سے اپنی جان چھڑاتا تھا تاہم تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ مذکورہ تحریر کے لئے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا جعلی لیٹر پیڈ استعمال کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بھائی کا بھی اس خط سے کوئی تعلق نہ ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں ۔