حکومت کو نجی شعبے کے ابہام دور کرنا ہوں گے، معاشی جنگ حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر لڑتا ہے:اسد عمر

حکومت کو نجی شعبے کے ابہام دور کرنا ہوں گے، معاشی جنگ حکومت نہیں پرائیویٹ ...
حکومت کو نجی شعبے کے ابہام دور کرنا ہوں گے، معاشی جنگ حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر لڑتا ہے:اسد عمر

  

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کو پرائیویٹ سیکٹرز کے ابہام دور کرنا ہوں گے،معاشی جنگ حکومت نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر لڑتا ہے،پی ٹی آئی نے حکومت میں آکر بے نامی جائیدادوں کے خلاف رولز بنائے جس سے بے نامی جائیدادوں کا خاتمہ ہوا،نیب کا قانون پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا بنایا ہوا ہے اور انہی کے لگائے ہوئے لوگ نیب چلا رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسد عمر نے  کہا کہ کراچی کے ساتھ جو ظلم ہوا اس سے برا نہیں ہوسکتا، ہم موجودہ صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتے، سندھ میں 11سال سے نکمی حکومت قائم ہے جس نے کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے،ہم کراچی کی عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں آئین پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت میں آکر بے نامی جائیدادوں کے خلاف رولز بنائے جس سے بے نامی جائیدادوں کا خاتمہ ہوا۔اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام آنا شروع ہوگیا ہے،ستمبر اور اکتوبر کے درمیان مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن دو ماہ بعد مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائیگی۔انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کیلئے گیس صرف دس فیصد مہنگی کی گئی ہے جبکہ امیر طبقے کیلئے گیس کی قیمت میں 142فیصد اضافہ کیا گیا ہے،حکومت کو پرائیویٹ سیکٹرز کے ابہام دور کرنا ہوں گے، معاشی جنگ حکومت نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر لڑتا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی مضبوطی تک کوئی ملک کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ جی آئی ڈی سی کا معاملہ سیاست کی نظر ہوگیا،عمر ایوب نے مجھے بتایا تھا کہ فرٹیلائزر کمپنی کا آڈٹ کروایا جائے گا،نیب کا قانون پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا بنایا ہوا ہے اور انہی کے لگائے ہوئے لوگ نیب چلا رہے ہیں،حکومتی ارکان پر بھی نیب کے کیس ہیں، عمران خان کے قریب ترین ساتھی علیم خان کو بھی نیب نے گرفتار کیا اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی ہیلی کاپٹر کیس چل رہا ہے، نیب ایک خودمختار ادارہ ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -