صوبے میں انسداد پولیومہمات کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے: ڈاکٹر ناظم نیاز 

صوبے میں انسداد پولیومہمات کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے: ڈاکٹر ناظم نیاز 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبہ خیبر پختونخوا کے چیف سیکر ٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صوبے میں انسدادپولیو مہما ت کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے اور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے حکام21ستمبر سے صوبہ کے تمام اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ناگزیر ہے جس میں کوئی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیو کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پرصوبہ خیبرپختونخوا کے ا نسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، کے تمام ڈویژنز کے کمشنرز،اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخواکے کوآرڈینیٹر عبدالباسط، ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹر امتیاز علی شاہ، این سٹاف آفسر ڈاکٹر اعجاز علی شاہ، یونیسیف، ڈبلیو ایچ او،ای پی آئی اور صوبائی ای او سی کے حکام نے شرکت کی، اس موقع پر ای او سی کوآرڈی نیٹر عبدالباسط نے اجلاس کو 21ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت صوبہ سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور متعلقہ سرکاری اور معاون ادارے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے فعال تعاون سے ایک جامع حکمت عملی کے تحت انسدادپولیو کی مربوط کاوشیں کررہے ہیں چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اورسماجی بہبودکو ہدایات جاری کی کہ ان اداروں کا عملہ بھی اس قومی مشن میں بھرپورحصہ لے جس کے لئے ایک نئی حکمت عملی بنائی جائے تاکہ پولیو مہمات کو مزیدموثر بنایاجائے ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس لئے اس وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے انسدادپولیو مہمات ہر صورت میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اس ناسورکاجلد ازجلدخاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے اجلاس کو بتایاکہ پولیو مہمات کی کامیابی کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اوران مہمات کو کا میاب بنانے کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود حکومت خیبر پختونخوااس کے مکمل خاتمہ میں پرعزم ہے پولیو کا خاتمہ ہمارے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے ناگزیر ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے احتساب اورجوابدہی کا ایک موثر نظام وضع کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -