عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں، یحییٰ اخونزادہ 

عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں، یحییٰ اخونزادہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)کمشنر ڈیرہ یحیی خان اخونزادہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، تاجران اور میڈیا سمیت سول سوسائٹی کے عاشورہ محرم کے پر امن اختتام میں مثبت کردار پر مشکور ہیں، عوامی خدمات میں کوتاہی پر سرکاری افسران اور اہلکاروں کیخلاف فوری تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی، صفائی نصف ایمان ہے، صفائی کے حوالے عوام میں شعور کی بیداری کے حوالے سے عنقریب مہم چلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں اور انجمن تاجران شرقی سرکلر روڈ و کینٹ ایریا کے صدر چوہدری جمیل احمد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے کمشنر ڈیرہ کو علاقائی مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جن کے حل کیلئے کمشنر ڈیرہ نے یقین دہانی کرائی۔ کمشنر ڈیرہ یحیی خان اخونزادہ نے کہا کہ نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے ڈیرہ شہر کے تمام مین نالوں کی مکمل صفائی کرائی جائے گی، تاجران اور شہری نکاسی آب کے نالوں پر قائم کسی بھی قسم کی تجاوزات از خود ختم کردیں، صفائی مہم میں سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور تاجروں کو بھی خصوصی طور پر شامل رکھا جائے گا۔ کمشنر ڈیرہ نے وفد کو بتایا کہ بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت روڈ کنارے سولر لائٹس کے منصوبے کو بنوں روڈ، نیو بنوں چونگی سمیت دیگر مختلف علاقوں تک بڑھایا جارہا ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور واپڈا کی جانب سے مختلف علاقوں میں اڈے کاٹے جانے کی شکایات پر کمشنر ڈیرہ نے مسئلہ کے فوری حل کیلئے واپڈا حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی۔