ضم اضلاع میں آبپاشی کے ترقیاتی منصوبوں کی ہر ضلع میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائیگا: لیاقت خٹک 

ضم اضلاع میں آبپاشی کے ترقیاتی منصوبوں کی ہر ضلع میں منصفانہ تقسیم کو یقینی ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی لیاقت خٹک نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں آبپاشی کے ترقیاتی سکیموں کو ہر ضلع میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضم شدہ اضلاع کے لئے تیز تر ترقیاتی پروگرام اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے آبپاشی ملک شوکت علی، چیف انجینئر ساؤتھ، چیف انجینئر نارتھ، چیف انجینئر ضم شدہ اضلاع، ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز، ڈی جی جبہ ڈیم اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ری ماڈلنگ کے علاؤہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ ماضی میں ضم شدہ اضلاع کو ترقیاتی کاموں میں نظر انداز کیا گیا تھا تاہم اب ان اضلاع کی ترقی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس لئے ضم شدہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔ وزیر آبپاشی نے مزید کہا کہ ان اضلاع کی محرومیاں دور کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان انتہائی سنجیدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان اضلاع کی ترقی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے ہماری حکومت دس سال تک ہر سال سو ارب روپے خرچ کرے گی جس سے ان علاقوں کے عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی آئے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -