زمبابوے پاکستان سیریز ملتان، راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ 

زمبابوے پاکستان سیریز ملتان، راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ا?ئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے میچ ملتان اور راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں سینٹرز میں کبھی ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز نہیں کھیلے گئے ہیں جب کہ ملتان میں 12 سال بعد انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ 16اپریل 2008ء میں ملتان نے آخری بار پاکستان بنگلہ دیش ون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کی تھی۔لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے چار میچ ہوں گے جبکہ ملک کے اہم ترین سینٹر نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں اس سال کوئی انٹر نیشنل میچ نہیں ہوگا۔ کراچی کے چار گراؤنڈز قائد اعظم ٹرافی کے تمام میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل ملتان جب کہ تینوں ون ڈے پنڈی سٹیڈیم میں ہونگے۔ملتان نے اس سال پاکستان سپر لیگ کے میچوں کا کامیاب انعقاد کیا تھا جبکہ پنڈی میں پی ایس ایل کے علاوہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ٹیسٹ میچ ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم 20 اکتوبر کو دبئی سے ملتان پہنچے گی، جہاں قرنطینہ میں ایک ہفتہ گزارے گی۔ دورہ دس نومبر کو ختم ہوگا۔ پاکستان زمبابوے سیریز کے بعد پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچ14،15،17 نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 


ذرائع کا کہنا کہ ملتان، پنڈی اور لاہور میں ڈریسنگ روم کی دوسری جانب میڈیا سینٹر ہیں اس لئے تینوں گراؤنڈ میں میڈیا کو سماجی رابطوں کا خیال رکھنا پڑے گا۔ان کے علاوہ قومی ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ بھی 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا۔