وفاق سندھ کو اسکا حق دے ورنہ اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں: بلاول 

  وفاق سندھ کو اسکا حق دے ورنہ اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں: بلاول 

  

 بدین (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو اس کا حق دے ورنہ اسلام آباد آکر اپنا حق چھین لیں گے،مدد تو دور وزیراعظم نے ہمدردی کا ایک بیان نہیں دیا،وہ سندھ کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، عوام کی مدد کیلئے سندھ آنا ہوگا،حکومت زرعی ایمرجنسی نافذ،فوری طور پر کسانوں کی مدد کرے۔۔جمعہ کو بدین میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج تک سیلاب متاثرین کیلئے وفاق کی طرف سے ایک روپیہ نہیں آیا، وفاقی حکومت رواں سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے 200 ارب روپے کھا گئی، ہمیں کوئی خصوصی پیکیج یا خصوصی رویہ نہیں چاہیے بلکہ اپنا حق چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ڈوب رہے ہیں مدد کرو تو کہتے ہیں کہ ان کو 3 سو روپے بھی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو اس کا حق دے ورنہ ہم اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں اور ہم اسلام آباد پہنچ کر آپ سے اپنا حق چھین لیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق نے آج تک سندھ کے جائز مطالبات کا جواب تک نہیں دیا، وزیر اعظم کا ایک ہمدردی کا بیان تک نہیں آیا، مدد تو دور کی بات ہے لیکن عمران خان کو عوام کی خدمت کیلئے سندھ میں آنا ہوگا، وزیر اعظم سندھ کے عوام کو ایسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ دیں نہ دیں یہ لوگ اقتدار میں آتے ہیں اور اشاروں کی طرف دیکھتے ہیں کہ اب کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو 2010 کا سیلاب ہو یا 2011 کا، ہم نے پوری دنیا کو موبلائز کیا، ہم نے پاکستان کارڈ دیا ان کے ہاتھوں میں پیسے پہنچائے تاکہ مشکل حالات میں وہ اپنے خاندان کو سنبھالیں، سندھ کے اس کے حق کے پیسے سے پانی کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سندھ کے عوام کا پیسہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بدین کے عوام نے تاریخی بارشوں کا سامنا کیا ہے، بارشوں کی وجہ سے ضلع میں بہت نقصان ہوا ہے، سیلاب اور بارشوں سے بدین میں گھروں، فصلوں اور مال مویشیوں کو نقصان پہنچا، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زرعی ایمرجنسی نافذ کرے اور فوری طور پر کسانوں کی مدد کرے۔بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو منافق قرار دے دیا اور  کہا کہ بڑا شوق تھا استعفیٰ دینے کا، اب وقت ہے استعفیٰ دو۔

بلاول

مزید :

صفحہ اول -