سانحہ نائن الیون کی 19ویں برسی، امریکہ میں فضا سوگوار رہی
واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) پورے امریکہ میں نائن الیون کی 19ویں برسی انتہائی سوگوار فضاء میں منائی گئی۔ 11ستمبر2001ء کو ا مریکہ میں دہشتگردی کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریباًتین ہزار افراد جاں بحق اور لاتعداد زخمی ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں ملک بھر سو گوار تقریبات منعقد ہوئیں۔ 11ستمبر 2001ء کو القاعدہ سے منسلک 19 انتہا پسندوں نے چار طیاروں کو اغوا کرکے امریکہ میں اپنے نشانوں پر خودکش حملے کئے۔ دو طیارے نیو یارک ورلڈ سنٹر کے دو جڑواں ٹاورز سے ٹکرائے، تیسرا طیارہ واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں پینٹاگون کی عمارت سے ٹکرایاجبکہ چوتھا طیارہ اپنے ٹارگٹ تک نہ پہنچ سکا اور ریاست پنسلوینیا کے شہر شینکس وِل کے قریب کھلے میدان میں گر کر تباہ ہو گیا۔ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں پیش آنیوالے سانحہ کے بعد اس حملے کے جواب میں امریکہ کی طرف سے القاعدہ اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کیخلاف ایک بھر پور مہم کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے تعاقب میں امریکہ نے افغانستان پر بھی قبضہ کرلیااور اسامہ کا تعاقب جاری رکھا،بالآخر 2مئی 2011ء کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں اس کے خفیہ کمپاؤنڈ پر حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا۔ امسال سانحہ نائن الیون کی برسی کی اہمیت یہ ہے کہ یہ ایک ایسے وقت منائی گئی جب امریکہ کوروناوائرس کی زد میں آیا ہوا ہے۔ صدرٹرمپ اور ان کے حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبیڈن دونوں نے ریاست پنسلوینیا میں طیارہ گرنے کے یادگار مقام فلائٹ 93 نیشنل میمو ر یل کا الگ الگ دورہ کیا اور وہاں تقریبات میں خطاب کیا۔ صدر ٹرمپ نے اس میموریل پر ہونیوالی تقریب میں دہشتگردی کا شکار ہونیوالے افراد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں غیر معمولی قرار دیا۔ انہوں نے اس طیارے کے چالیس مسافروں اور عملے کے ارکان کو بہت اچھے الفاظ میں یاد کیا، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردوں کو قابو کرلیا۔ جس کے نتیجے میں طیارہ ٹارٹگ تک نہ پہنچ سکا اور راستے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ صدر ٹرمپ نے نائن الیون کی دہشتگردی کا نشانہ بننے والے تمام افراد کا ذکر کرتے ہوئے اپنے اور اپنی اہلیہ کی طر ف سے ان کے لواحقین کیلئے مکمل حمایت اور ہمدردی کے الفاظ سے مخاطب کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ان سات ہزار سے زائد فوجی بیروز کا ذکر کیا جنہوں نے اس سانحے کے بعد دہشتگردی کیخلاف مہم میں جانیں قربان کیں۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبیڈن نے پنسلوینیا پہنچنے سے پہلے نیویارک میں منعقدہ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کے دن اپنی انتخابی مہم معطل کر رہے ہیں کہ آج صرف قربانیاں دینے والے افراد کو یاد کیا جائیگا۔ نیو یارک میں ایک تقریب میموریل پلازہ کے قریب گراؤنڈ زیرو اور دوسری اس سے کچھ فاصلے پر منعقد ہوئی۔ کروناوائرس کے باعث احتیاطً تقریب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔
نائن الیون