مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز کی برسی پر تقریبات کا انعقاد

    مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز کی برسی پر تقریبات کا انعقاد

  

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کی دوسری برسی کے سلسلہ میں ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، شرکاء کی جانب سے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔شعبہ خواتین لاہور ونگ کی جانب سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی دوسری برسی پر پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نزہت عامر،سائرہ افضل تارڑ،شائستہ پرویز ملک،ملک پرویز،ربعیہ نصرت،زکیہ شاہنواز، تہمینہ دولتانہ،حنا پرویز بٹ،عظمی بخاری،عزالہ سعد رفیق،ثانیہ عاشق،راحیلی نعیم،اسوا آفتاب،کنول لیاقت سمیت لیگی خواتین کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی دعاکرائی گئی۔پر دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگی خواتین رہنماؤ ں نے کہاکہ مرحومہ ایک نڈر اور بہادر خاتون تھیں انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ پارٹی پر جب بھی مشکل وقت آیا وہ چٹان کی طرح کھڑی رہیں ان کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں آباد رہیں گے۔بیگم کلثوم نواز سچے سیاسی کارکنوں کی مضبوط آواز اورسیاسی کارکنوں کے لیے وہ مشعل راہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ملک بھر کے مختلف مقامات پر بیگم کلثوم نواز کی دوسری برسی کی مناسبت سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔  پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے مرحومہ نے ایک شفیق ماں، قابل فخر بہن، سعادت مند بیٹی اور غم گسار بیوی کے طور پر تاریخی کردار ادا کیا،بیگم کلثوم نواز جمہوریت کی جرات مند پکار اور آمریت کیخلاف عوام کی للکار ثابت ہو ئیں، اپنی جرات و بہادری اور فہم وبصیرت سے انہیں قومی تاریخ میں منفرد مقام حاصل ہوا۔سیاست سے عملی طور پر دور رہنے والی بیگم کلثوم نواز مشکل کی گھڑی میں بہادری سے عوام میں آئیں اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،میری عظیم بہن ایک ایسے وقت سفر آخرت پر روانہ ہوئیں جب ان کے شوہر نواز شریف اور بیٹی مریم ناحق قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبور تھے،بیگم کلثوم نواز نے اپنے کردار اور عمل سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں احترام اور عزت پائی،قرآن پاک،اردو ادب اور شاعری کیساتھ ان کا خصوصی لگاو، ان کی گفتگو اور شخصیت کا حصہ رہا،یہ غم اور افسوس ہمیشہ رہے گا کہ کٹھور دل کم ظرف سیاسی مخالفین نے ایک عظیم، عبادت گزار اور صابر بہن کی جان لیوا بیماری کو بھی سیاست کا نشانہ بنایا، اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور ہم سب کو صبر جمیل دے۔ آمین

کلثوم نواز

شہباز عقیدت

مزید :

صفحہ اول -