سانحہ موٹروے سے ملک کی بدنامی ہوئی، مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے، سیاسی، سماجی خواتین
لاہور(لیڈی رپورٹر) سانحہ موٹروے سے ہمارے ملک کی بدنامی ہوئی ملزموں کو جلد گرفتار کر رکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور مظلوم خاندان کو فوری طور پر انصاف مہیا کر کے ان کے زخموں پر مرہم لگایا جائے۔ان خیالات کا ظہار مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی خواتین ثمینہ گھرکی،بی بی وڈیری،جہا ں آراء وٹو،سمیہ راحیل قاضی،مسرت مصباح،ثانیہ کامران،رضوانہ غضنفر،آشفہ ریاض نے روزنامہ ”پاکستان“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثانیہ کامران،رضوانہ غضنفر،آشفہ ریاض نے کہا کہ خاتون کے خلاف زیادتی کے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے مجرموں کو سخت سزائیں دے، کوئی بھی مہذب معاشرہ ایسی درنگی کی اجازت نہیں دے سکتا، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ دارہے،واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کٹہرے میں لایاجائے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام جماعتوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔عورت کو جو عزت اور مقام حاصل ہے وہ اسے ضرور مل کر رہے گا۔ پنجاب حکومت اس سانحہ کے بعد سے مسلسل آئی جی پنجاب،سی سی پی او اور اعلیٰ عہدیداروں سے رابطے میں ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے بہت سے معلوماتی سراغ مل گئے ہیں اور ملزمان پولیس کی گرفت کے بہت نزدیک ہیں۔ثمینہ گھرکی، جہاں آرا وٹو،بی بی وڈیری،سمیہ راحیل قاضی،مسرت مصباح نے کہا کہ اس واقع سے یہ بات ثابت ہوئی کہ آج بھی اس معاشرہ میں عورت کی عزت و عظمت محفوظ نہیں۔مدینہ کی ریاست میں ایک حواء کی بیٹی کی آبرو کی دھجیاں اُڑانا اس ریاست پر بد نماء داغ ہے۔اس سانحہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔جب سے اس واقع کا سنا ہے دل خون کے آنسو رو رہا ہے،مظلوم خاندان کو فوری طور پر انصاف مہیا کیا جائے اور ملزمان کو جلد گرفتا ر کر کے سر عام کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خواتین