بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی: منیر اکرم
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔تفصیل کے مطابق پاکستان نے بھارت کے شہر ایودھیا میں 1992ء میں شہید کی جانے والی تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر کو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے یہاں ”فورم آن کلچر آف پیس”کے ورچول اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی مقامات کے تحفط کے اقوام متحدہ کے منصوبہ کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بھارت میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کی جانب سے اس خطرے سے خبردار کیا جس میں انہوں نے بھارت میں سینکڑوں مساجد اور تاریخی اسلامی مقدس مقامات کو تباہ کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور تنازعات کے پھیلاؤ اور ان کی شدت کو بڑھایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے انسانیت کو متحد کرنے کی بجائے دور کیا ہے اور اس نے ہمارے اختلافات اور تقسیم کو ظاہر کیا ہے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ سماجوں اور اقوام میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام کے درمیان امن کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے سیاسی عزم کا ثبوت دینا چاہیے۔
منیر اکرم