شہرمیں صفائی، نکاسی آب کیلئے بلدیات کے ماتحت ادارے خدمات فراہم کررہے ہیں: کامران بنگش 

شہرمیں صفائی، نکاسی آب کیلئے بلدیات کے ماتحت ادارے خدمات فراہم کررہے ہیں: ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کی زیر صدارت پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ظفر علی شاہ نے معاون خصوصی کو جنرل بس اسٹینڈ منتقلی، پشاور ماڈل ٹاؤن اور رنگ روڈ پشاور کے بقیہ شمالی حصے پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ بلدیات معتصم باللہ اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید رحمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے رنگ روڈ پشاور کے شمالی حصے میں باقی لنک روڈ پر معاون خصوصی کامران بنگش کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رنگ کے نامکمل حصے، جس کی لمبائی 8.4 کلومیٹر ہے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے مکمل ہونے پر 20.8 بلین روپے کی لاگت آئے گی، جس کا بندوست کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے معاون خصوصی کامران بنگش کو جنرل بس اسٹینڈ اور پشاور ماڈل ٹاؤن پر اب تک ہونے والے کام سے بھی آگاہ کیا۔ جائزہ اجلاس کے دوران متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے ریمارکس دیئے کہ پشاور کی ترقی اور یہاں پر رہنے والے والوں کو بہترین خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ شہر میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچادیا ہے جبکہ  احیائے پشاور کے حوالے سے بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی، نکاسی آب اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں محکمہ بلدیات کے ماتحت ادارے بہترین انداز میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ رنگ روڈ پشاور کے شمالی حصے پر کام کیاجائے تاکہ مقامی لوگوں کو اور دوسرے اضلاع سے آنے والے  افراد کو سفری آسانی میسر ہو سکے۔ پشاور ماڈل ٹاؤن اور جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی پر ریمارکس دیتے ہوئے معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ حاجی کیمپ سے بس اسٹینڈ کی منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے اس پر کاغذی کارروائی سے نکل کر ٹھوس اقدامات کی جانب بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو اس کے ثمرات بروقت مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ماڈل ٹاؤن پر بھی کام تیز کر دیا جائے جبکہ جہاں کہیں قانونی پیچیدگیاں ہیں ان کو دور کرنے کے لیے متعلقہ آفیسرز ٹائم لائن دے دیں تاکہ نتائج عوام کے سامنے لائے جاسکیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا گورننس اور کارکردگی کے لحاظ سے پورے پاکستان میں بہترین پوزیشن پر ہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلی محمود خان کی سنجیدگی اور ٹاسک کو بروقت مکمل کرنا ہے۔ ان کی سپرویژن میں نہ صرف پشاور میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں بلکہ دیگر اضلاع میں بھی ترقیاتی سکیموں کے جال بچھادیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا خود محکمہ بلدیات کے پراجیکٹ میں خاص دلچسپی لیتے ہیں کیونکہ یہاں سے عوام کو بنیادی سہولیات و خدمات فراہم کی جا رہی ہیں 

مزید :

صفحہ اول -