چینی سبسڈی سکینڈل: نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی

چینی سبسڈی سکینڈل: نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی
چینی سبسڈی سکینڈل: نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی

  

اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو نے مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی غیر جانبدارانہ، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کیلئے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔یہ فیصلہ شوگر کمیشن کی رپورٹ کے جائزے کے بعد جمعہ کے روز اسلام آباد میں نیب کے چیئرمین جاوید اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔ نیب کے چیئرمین نے کہا کہ غیر قانونی طور پر شوگر سبسڈی حاصل کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوٹر جنرل، ڈپٹی چیئرمین، ڈی جی آپریشنز اور ڈی جی راولپنڈی نے شرکت کی۔ اس اہم میٹنگ میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تجربہ کار اور محنتی افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ٹیم میں انوسٹی گیشن افسران، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ، شوگر انڈسٹری کا تجربہ رکھنے والے ماہرین، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر بھی شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کریں گے۔ تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق مکمل تفصیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس بھی طلب کر لی گئی ہیں جبکہ تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -