پی سی بی کی براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے جلد اہم مگر منفرد ڈیل متوقع، تفصیلات بھی منظرعام پر آ گئیں

پی سی بی کی براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے جلد اہم مگر منفرد ڈیل متوقع، تفصیلات بھی ...
پی سی بی کی براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے جلد اہم مگر منفرد ڈیل متوقع، تفصیلات بھی منظرعام پر آ گئیں
کیپشن:    سورس:   Creative Commons Licenses

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد براڈکاسٹنگ کے حوالے سے اہم ڈیل کرنے والا ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر بورڈ حکام نے منفرد ڈیل کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پی سی بی کونئے میڈیا رائٹس کنٹریکٹ میں زیادہ رقم ملنے کی توقع نہیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے براڈکاسٹر سے بھی تنازع چل رہا ہے جبکہ مارکیٹ میں زیادہ چینلز بھی موجود نہیں، ایسے میں حکام نے ایک منفرد ڈیل کا فیصلہ کر لیاہے اور اس حوالے سے کافی کام ہو گیا اور جلد ہی اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک چینل سے معاہدے کے بعد تمام ڈومیسٹک ٹورنامنٹس اور پاکستان کے انٹرنیشنل میچز پاکستان میں اسی پر دکھائے جائیں گے، آف سیزن میں پرانے میچز کی جھلکیاں، پلیئرز کے انٹرویوز و دیگر شوز نشر ہوں گے، ابھی یہ واضح نہیں ہواکہ پی سی بی خود مذکورہ چینل کو چلائے گا یا ریونیو شیئرنگ فارمولے پر عمل ہونا ہے، گزشتہ دنوں صرف گلوبل میڈیا رائٹس کی فروخت کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی گئی تھیں، اس سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں میچز دکھانے کی کوئی ڈیل ہو چکی ہے۔ 

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان گزشتہ چند روز سے اسلام آباد میں مقیم ہیں، ذرائع کے مطابق وہ وہاں براڈکاسٹ ڈیل سمیت بعض اہم معاملات پر بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم کو بریفنگ دینا چاہتے ہیں مگر تاحال ملاقات ممکن نہیں ہو سکی ہے، وہ پی ایس ایل کے بعض اہم معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی سے بھی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ 

مزید :

کھیل -