پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو 19 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو 19 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز میں 0-1 کی برتری ...
پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو 19 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 19 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے، گلین میکس ویل نے 59 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور مچل مارش نے 73 رنز بنائے۔ 

کینگروز کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر 6، ایرون فنچ 16، مارکس سٹوئنس 43، مارنوس لابوشین 21، ایلکس کیری 10، پیٹ کومنز 9، مچل سٹارک 19 اور ایڈم زامپا 5 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عادل راشد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

آسٹریلیا کے 295 رنز کے ہدف کے تعاقب کا آغاز ہی انگلینڈ کیلئے نقصان دہ رہا اور ابتدائی 2 وکٹیں13 رنز پر ہی گر گئیں اور مڈل آرڈر میں کپتان این مورگن بھی ٹیم کیلئے کچھ خاص نہ کرسکے جو صرف 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ سیم بلنگز نے 118 اور جونی بیرسٹو نے 84 رنز بنائے لیکن اس کے باوجود میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 275 رنز ہی بنا سکی اور یوں آسٹریلیا نے میچ 19 رنز سے جیت لیا۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے سپنر ایڈم زامپا سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 55 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور جوش ہیزل ووڈ نے 10 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کومنز اور مچل مارش نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 

مزید :

کھیل -