قومی یکجہتی فورم جدہ کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریب

قومی یکجہتی فورم جدہ کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریب
قومی یکجہتی فورم جدہ کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریب

  

جدہ (محمد اکرم اسد) قومی یکجہتی فورم کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی ایک پروقار تقریب ہوئی جس کی صدارت فورم کے کنوینئر سردار اقبال یوسف نے کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل ویزا ملک طارق اور قونصل پریس سیّد حمزہ گیلانی تھے۔

 تقریب میں پاکستان کی تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدیں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ نظامت کے فرائض میاں محی الدین نے ادا کئے اور تقریب کا استقبالیہ جماعتِ اسلامی کے میاں ذووالفقار نے دیا۔ 

مہمان خصوصی قونصل پریس سیّد حمزہ گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں ان کا ذہن فکرِ اقبال کے بغیر نا مکمل ہے۔ ہمیں اس جذبہِ ایمانی کو اقبال کے فلسفہ خودی و عشق کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔  ملک کے دفاع میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی خدمات کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

فورم کے کنوینئر سردار اقبال یوسف کا کہنا تھا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ ہم پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ انہی کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ہماری زمین تحفظ میں ہے اور ہم ایک آزاد سرزمین میں سانس لے رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر ملک منظور اعوان نے کہا کہ جنگِ بدر سے لے کر آج تک جذبہِ ایمان کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ ہمارے جوان ہمارا فخر ہیں۔ اس قوم کے ہر فرد میں ایک مردِ مجاہد ہے جو اپنے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔  

پاکستان کمیونٹی کے ملک شمس الطاف ، پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکریٹری عقیل آرائیں ، جمیعت علماء اسلام کے قاری رفیع اللہ، گلزار منظور مانگٹ، کشمیر کمیٹی جدہ کے نصر اقبال، چیئرمین جے کے سی او خورشید احمد متیال، چوہدری محمد اسلم نے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا،  جبکہ عبداللہ ارشد  اور ارسلان نے قومی ترانے پیش کئے۔ تقریب کا اختتام شہداء اور بزرگ حریت رہنماء سیّد علی گیلانی کے لئے دعائے مغفرت سے ہوا۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -