اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ نے مونال اور لا مونٹانا کا قبضہ حاصل کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ نے مونال اور لا مونٹانا کا قبضہ حاصل کر لیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق ترجمان اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتظامیہ نے مونال اور لا مونٹانا کو سیل کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے، انتظامیہ اور پولیس نے معاونت فراہم کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف، سی ڈی اے، انتظامیہ اور وفاقی پولیس اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں میں تقریباً 18 سال قبل شروع ہونے والا مونال ریسٹورنٹ 11 ستمبر 2024 کو ختم کردیا گیا۔یہ بھی ذہن میں رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے رواں سال 11 جون کو مارگلہ نیشنل پارک میں مونال سمیت تمام ریستورانوں کو تین ماہ میں مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
فیصلے کے مطابق مارگلہ ہلز نیشنل پارک ہے اور قواعد کے مطابق نیشنل پارک میں کوئی بھی تجارتی سرگرمی نہیں ہو سکتی، کیونکہ ایسی سرگرمیاں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتی ہیں اور ان سے جنگلی حیات متاثر ہوتی ہیں۔