ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ سے گرفتاری، شیخ رشید نے سپیکر قومی اسمبلی سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ منشیات فروشوں کو بھی ایسے نہیں پکڑا جاتا جیسے ایم این ایز کو پکڑا گیا،سپیکر قومی اسمبلی کا ضمیر زندہ ہے تو استعفیٰ دیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد کاکہناتھا کہ جوپسند ہیں ان کا ریمانڈ نہیں دیا جو ناپسند ہیں ان کا ریمانڈ دے دیا گیا، 16ماہ ہو گئے کوئی چالان پیش نہیں ہوا، مطلب 20سال تک فیصلہ نہیں ہوسکتا،ان کاکہناتھا کہ ملک تباہ و برباد ہو گیا، غریب مر گیا ہے،تعلیم کا یہ حال ہے جہاں 3ہزار بچیاں پڑھتی تھیں وہاں 300بچیاں پڑھتی ہیں،مطالبہ ہے غریب دیہاڑی دار مزدور کو کیس سے نکال دیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ آئی ایم ایف نے اگلی تاریخ پر بھی پاکستان کا نام ایجنڈے پر نہیں رکھا،اداروں کو جس طرح بدنام کیا جارہا ہے وہ افسوسناک ہے،ان کاکہناتھا کہ30ستمبر کی ڈیڈلائن والی بات پر قائم ہوں، آپ کو پتہ لگ جائے گا، ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں،علی امین گنڈاپور دوست ہیں،اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو نکالنے کی بات کا جواب نہیں دوں گا، 40دن کا چلہ کاٹا، بہتر تھا 4سال جیل کاٹ لیتا۔
ان کاکہناتھا کہ جن سے ساری زندگی دوستی رہی، انہوں نے مجھے معاف نہیں کیا تو کسی اور کو کیا معاف کرینگے،ان لوگوں کیخلاف بات نہیں کروں گاجن کے پاس40دن چلہ کاٹا، لوگوں کو سب پتہ ہے، حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں،یہ اقتدار کے بھوکے ہیں، ان کو پتہ نہیں یہ عوام میں کتنے ذلیل ہو چکے ہیں۔