کیلی گرافی لباس پہننے والی خاتون پر حملے کے کیس میں اہم پیش رفت، دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم آگیا
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس ٹرائل کورٹ سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملے کے کیس کی سماعت کی۔پولیس نے ملزمان التمش ثقلین، ندیم، محمدعلی عرف چاند بٹ، ملک خرم شہزاد اور عادل سرور کو گنہگار جبکہ ملزمان خالد محمود خالد، علیم الدین اور علامہ ثاقب علی کو بے گناہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ خاتون پر حملہ کیس میں ملزمان کے خلاف تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں اچھرہ میں شوہر کے ساتھ شاپنگ کے لیے آنے والی خاتون کو اس کے لباس کے باعث مشتعل ہجوم نے گھیر لیا تھا، ہجوم نے خاتون کو مقدس الفاظ کی توہین کے شبے میں گھیرا تھا۔ خاتون نے جو لباس پہنا ہوا تھا اس پر عربی رسم الخط میں لفظ “حلوہ” تحریر تھا۔