تحریکِ انصاف کی گیلی پِچ پر باﺅنسر سے علیم خان کی کِلی اُڑ گئی

تحریکِ انصاف کی گیلی پِچ پر باﺅنسر سے علیم خان کی کِلی اُڑ گئی
تحریکِ انصاف کی گیلی پِچ پر باﺅنسر سے علیم خان کی کِلی اُڑ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نعیم مصطفےٰ سے) پاکستان تحریک انصاف صوبائی دارالحکومت میں قومی وصوبائی اسمبلی کے تمام امیدواروں کا حتمی اعلان کردیا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ دس روز تک ٹکٹوں کی تقسیم مسلسل مشق کے بعد پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کے این اے 127 اور پی پی 147 لاہور کے دونوں حلقوں سے دستبردار ہونے کا قوی امکان ہے۔ قائد تحریک عمران خان کی ہدایت پر این اے 127 کی نشست فی الحال خالی چھوڑ دی گئی ہے جبکہ پی پی 147 پر محمد عثمان کوامیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ علیم خان پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے نگران اعلیٰ ہوں گے تاہم فوری طور پراس حوالے سے اندرونی کہانی تک رسائی ممکن نہیں ہوسکی۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا آخری اجلاس جمعہ کی رات گئے تک اسلام آباد میں جاری رہا۔ ختم ہونے پر بورڈ ذرائع نے ”پاکستان“ کو بتایا کہ ہم نے لاہور کے تمام قومی وصوبائی اور قصور کے دو قومی حلقے فائنل کئے ہیں۔ لاہورمیں جن امیدواروں کو ٹکٹ دیئے گئے ہیں ان میں این اے 118 کے حامد زمان، 119 محمد مدنی، 120 یاسمین راشد، 121 حماد اظہر، 122 عمران خان، 123 عاطف چودھری، 124 ولید اقبال، 125 حامد خان، 126 میاں محمود الرشید، 127 سے عبدالعلیم خان کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔ یہ حلقہ فی الحال خالی چھوڑا گیا ہے۔ 128 حاجی کرامت کھوکھر، 129 خالی چھوڑا گیا ہے۔ 130 طالب سندھو امیدوارہوں گے جبکہ لاہور سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 135 سے انجینئر یاسر گیلانی، 138 سے میاں محمود احمد، 139 مظہر اقبال بھلی بٹ، 140 زبیر نیازی، 114 نواز بٹ، 142 وقار ملک، 143 خالی چھوڑا گیا ہے۔ 144 میاں حامد معراج، 145 طارق حمید، 146 جمشید چیمہ، 147 محمد عثمان، 148 اعجاز چودھری، 149 اکرم عثمان، 150 شیخ امتیاز، 151 حاجی محمد فیاض، 152 مراد راس، 153 بھی خالی چھوڑا گیا ہے۔ 154 نصر اللہ مغل، 155 حافظ فرحت، 156 احسن رشید، 157,158 خالی چھوڑے گئے۔ 159 علی امتیاز وڑائچ، 160 ظہیر عباس کھوکھر اور 161 میں خالد گجر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ پارلیمانی بورڈ نے قصور سے قومی اسمبلی کے جن دو حلقوں میں امیدواروں کا اعلان کیا ان میں این اے 148 سے خورشید محمود قصوری اور این اے 141 سے چودھری عدیل اصغر شامل ہیں۔ 

مزید :

قومی -