جماعت اسلامی نے لاہور میں بھرپور طریقے سے الیکشن مہم کا آغاز کردیا
لاہور(لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی لاہور نے امیدواران کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد بھرپور طریقے سے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کی پہلی کڑی کے طور پر ہر این اے میں ورکرز کنونشن کا انعقاد ہے ۔ جس کا مقصد ممبرز کو الیکشن مہم کی پلاننگ سے آگاہ کرنا ہے ۔اسی سلسلے میں این اے 128 جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔کنونشن کے افتتاحی خطاب میں ضلعی رکن شوری اسما ضیاء نے کہا کہ ہم میں سے ہر فرد ایک امین کی حیثیت سے اس دنیا میں بھیجا گیا ہے لہٰذا ہمارا اس ملک اور وطن کے ساتھ جو بھی تعلق اور حیثیت ہے، ہم اس حوالے سے رب ذوالجلال کی بارگاہ میں جوابدہ ہیں ۔ لٰہذا ایک ملازم، ایک شہری ، ایک عہدیدار ، ایک ووٹر کی حیثیت سے ہم اپنے ملک کے نفع ونقصان کے ذمہ دار شمار کئے جائیں گے۔ لہٰذا بارگاہ الٰہی میں سرخرو ہونے کے لئے لازم ہے کہ ہم ہر حیثیت کے اعتبار سے جو بھی قدم اٹھائیں، ملک و ملت کے بہترین مفاد میں اور دیانتدارانہ حکمت عملی پر مبنی ہوگا۔ این اے 128 سے قومی اسمبلی کے امیدوارظہور احمدوٹونے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پس منظر میں عوام الناس کے ووٹ کے صحیح استعمال سے ملک کے مستقبل کا لائحہ عمل طے ہو جائے گا ۔بد عنوانیوں اور رشوت ستانیوں سے معاشرے کو پاک کرنے کی بھرپور اور پر خلوص کوشش کریں ۔مسائل بآسانی حل ہوں گے اور ملک ان شاءاللہ خوش حالی اور ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔ پی پی 160 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک جہانگیر حسین بارا نے کہا کہ الحمد اللہ جماعت اسلامی کے دامن پر کوئی دھبہ نہیں ہے۔ جماعت کے جتنے بھی امیدوار اسمبلیوں میں پہنچے ہیں ، انہوں نے عوام کی صحیح نمائندگی کی ہے۔
جماعت اسلامی