مسلم لیگ ن اور ہم خیال میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

مسلم لیگ ن اور ہم خیال میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جاوید اقبال) پاکستان مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ہم خیال میں 11 فیصد سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے جس سے مسلم لیگ ہم خیال کی قیادت میں تشویش پائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ دونوں مسلم لیگی جماعتوں کے قائدین میں ماڈل ٹاﺅن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ طے پایا تھا جس میں دونوں اطراف سے طے پایا تھا کہ انتخابات 2013ءکے دوران دونوں جماعتیں ایک ساتھ انتخاب لڑیں گے اور اس سلسلے میں ن لیگ ہم خیال گروپ کو قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں 11 فیصد سیٹوں کا کوٹہ دے گی۔ اس معاہدہ پر مسلم لیگ ن کی طرف سے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا جبکہ مسلم لیگ ہم خیال کے سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان کے دستخط ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن اور ہم خیال میں ابھی تک اس معاہدے پر عمل درآمد کے لئے باضابطہ طورپر مذاکرات نہیں ہوسکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس معاہدہ کے تحت ہم خیال نے لاہور میں این اے 124 میں ہمایوں اختر خان اور این اے 121 کے لئے میاں آصف کے لئے ٹکٹوں کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ان سیٹوں پر اپنے امیدوار فائنل کرلئے ہیں اور 11 فیصد کوٹہ ہم خیال کودینے کا معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے مسلم لیگ ہم خیال میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ صرف ہمایوں اختر خان کشمور سے ٹکٹ ملنے کے انتظار میں خاموش ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ہم خیال پنجاب کے چیف آرگنائزر چودھری شاہد اخترگھمن سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ سندھ کی حد تک مسلم لیگ ہم خیال کے سربراہ سے مسلم لیگ ن سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرسکتی ہے اور ہمارے مرکزی صدر ڈاکٹر غلام ارباب رحیم سے بات چیت جاری ہے۔ باقی کسی جگہ پر مسلم لیگ ن سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے بات چیت بھی نہیں کرسکی۔ تاہم قیادت میں رابطے جاری ہیں اور بات چیت بھی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف ہم خیال سے 11 فیصد کوٹہ کے معاہدے پر عمل درآمد کرائیں۔
معاہدہ

مزید :

صفحہ آخر -