بیلٹ پیپرفوج کی نگرانی میں چھاپنے کافیصلہ ،پولنگ سٹیشنوں پر پہنچانے کیلئے بھی الیکشن کمیشن کاوزارت دفاع سے رابطہ

بیلٹ پیپرفوج کی نگرانی میں چھاپنے کافیصلہ ،پولنگ سٹیشنوں پر پہنچانے کیلئے ...

اسلام آباد(ثناءنیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11مئی کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی اشاعت فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی۔ وزارت دفاع کے ذریعے عسکری اداروں کو خط بھجوا دیا گیا ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن نے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی اشاعت کی نگرانی کیلئے فوج کی معاونت مانگ لی ہے۔ چھپائی کے موقع پر پرنٹنگ پریس کارپوریشن آف پاکستان اسلام آباد، لاہور اور کراچی مراکز میں فوج کی ایک ایک کمپنی تعینات ہوگی اس بارے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت دفاع کے ذریعے عسکری اداروں کو خط بھجوا دیا ہے۔

اسلام آباد (اے پی اے، ثناءنیوز) چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں عام انتخابات کے موقع پرسیکیورٹی یقینی بنانے سے متعلق فارمیشن کمانڈرزکانفرنس میں منظورکئے گئے سیکورٹی پلان اورکانفرنس میں ملک کی ابتر معاشی صورتحال پرظاہرکی گئی تشویش کے بارے میں آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق صدر اورآرمی چیف کی ملاقات تقریباً پونے دو گھنٹے جاری رہی۔اس موقع پر آرمی چیف نے صدر سے انتخابات میں حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت بھی کی ۔ملاقات میں ملک کودرپیش داخلی وخارجی چیلنجزاوردہشت گردی کے خلاف جاری پاک فوج کی کارروائیوں کے بارے بھی بات چیت کی گئی۔ صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے کرداراورقربانیوں اورپرامن انتخابات یقینی بنانے کےلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ اسکے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کےلئے فوج کی تمام ترضروریات پوری کی جائیں گی۔ ملاقات کے بارے میں کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیاگیا۔ صدارتی ترجمان سے رابطہ کیا توانہوں نے آرمی چیف کی صدر زرداری سے ملاقات کے بارے میں لاعلمی کااظہارکیا۔ آرمی چیف نے صدر کو انتخابات کے دوران پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے فوج کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

مزید : صفحہ اول