جوابی چٹھی آگئی ۔ ۔ ۔وزارت پٹرولیم نے ایم ڈی سوئی نادرن اور سدرن کو عہدوں سے ہٹانے سے انکار کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت پٹرولیم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جوابی خط میں ایم ڈی سوئی سدرن اور نادرن پر لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے عہدوں سے ہٹانے سے انکار کردیاہے ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے دونوں ایم ڈی کو ہٹانے کے حکم کے خط پر وزارت پٹرولیم نے جوابی خط لکھاہے جس میں موقف اختیار کیاکہ شکایت کنندہ محمد شفیع کے الزامات غلط ہیں ، دونوں افسران کی مدت میں توسیع کی گئی اور نہ ہی رواں ماہ دونوں کمپنیوں میں کوئی نئی گیس سکیم شروع کی گئی ۔ اعتراض کنندہ نے موقف اپنایاتھاکہ حکومت نے دونوں افسران کی مدت ملازمت میں توسیع کی تھی اور وہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ۔