پشاور کے متنی بازار میں دھماکہ ،امن لشکر کے نو رضاکار جاں بحق ، بچوں اور خواتین سمیت سات زخمی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) نواحی علاقے متنی کے مرکزی بازار میں ایک مسافر کوچ میں دھماکے سے امن لشکر کے نو رضاکار جاں بحق اورسات زخمی ہوگئے جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔ ایس ایس پی شفیع اللہ کے مطابق دھماکہ خیز مواد مسافر گاڑی میں رکھاگیا تھااور متنی بازار کی شیرعلی مارکیٹ سے گزرتے ہوئے گاڑی میں موجود دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ڈی ایس پی فضل واحد کے مطابق کوہاٹ جانیوالی گاڑی میں امن لشکر کے افراد سوارتھے اور دھماکہ چلتی ہوئی گاڑی میں ہواجس کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، گاڑی میں خواتین اور بچوں سمیت 18افرادسوارتھے تاہم ڈرائیوراور کنڈکٹر دھماکے میں محفوظ رہے ۔پولیس نے مسافرویگن کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو حراست میں لے لیاہے ۔ دھماکے کے نتیجے میں مسافر کوچ کے علاوہ دو دیگرگاڑیوں اورکئی دکانوں کو نقصان پہنچاجس کے بعد بازار بند ہوگیاہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔مسلم لیگ ن کے قائدمیان نواز شریف نے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ حکومت شہریوں کے جان وامال کی حفاظت کا بندوبست کرے ۔