قومی کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش کیلئے آج روانہ ہو گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) بنگلہ دیش کے خلاف تین ایک روزہ واحد ٹوئنٹی 20 میچ اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے قومی ٹیم آج کراچی سے بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ ٹیسٹ سیریز میں مصباح الحق کو کپتانی سونپی گئی ہے۔ واحد ٹوئنٹی 20میچ میں ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی ہونگے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نویداکرم چیمہ نے کہاہے کہ ٹریننگ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس پربہت زوردیاگیا، تمام کھلاڑی بنگلا دیش کے خلاف قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے جبکہ کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہم جیت کے جذبے کے ساتھ بنگلہ دیش جارہے ہیں یہ سیریز ہمارے لئے آسان نہیں ہے لیکن ہم کامیابی حاصل کرکے وطن واپس لوٹیں گے ہم نے اس سیریز کے لئے بھرپور تیاری کی ہوئی ہے اور سب کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ قومی ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں 3 ون ڈے ،ایک ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔