سائیکلنگ فیڈریشن کاایرانی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے قومی سائیکلسٹس کی تربیت کیلئے ماہر ایرانی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، دونوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد معاملات طے پا جائیں گے پی سی ایف کے سیکرٹری اظہر علی شاہ نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے جونیئر سائیکلسٹ کو ماہر کوچ کی زیر نگرانی تربیت کا موقع دینے کیلئے ہم نے ایرانی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری ایرانی کوچ سے بات چیت جاری ہے جو کہ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ جلد ہی تمام معاملات طے پا جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تھائی لینڈ میں ایشین سائیکلنگ فیڈریشن کے اجلاس میں بھی ایرانی حکام سے پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ کے حوالے بات کی تھی جس پر انہوں نے حامی بھر لی تھی اور اب وہ ابتدائی مرحلے میں ایک سال کیلئے ماہر کوچ پاکستان بھیجیں گے۔