اقوام متحدہ کا اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی سرگرم کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار
نیویارک (اے پی پی) اقوام متحدہ نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی سرگرم کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی ہائی کمیشنر برائے انسانی حقوق روینا شامداسنی نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی غیرقانونی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی ہے اور اسرائیلی حکومت سے کہا ہے کہ غیرقانونی گرفتاریوں اور فلسطینیوں کو عدالت میں پیش کئے بغیر قید کرنے سے گریز کرے۔ روینا شامداسنی نے بتایا کہ اقوام متحدہ متعدد بار صیہونی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کر چکا ہے۔ روینا شامداسنی نے اپنے بیان میں محمد جرار نام کے سرگرم فلسطینی کارکن کے مسئلے پر بھی روشنی ڈالی جنہیں فوجیوں نے اغوا کرکے ان کے گھر پر قبضہ کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو چاہیے کہ فلسطینیوں کو گرفتار کرنے سے گریز کرے اور قیدیوں سے ساتھ عالمی قوانین کے مطابق پیش آئے۔