ٹویوٹا نے چین میں نیا پلانٹ قائم کرنے پر غور شروع کردیا
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کی آٹو موبائل کمپنی ٹیوٹا نے چین میں نیا پلانٹ قائم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمپنی ذرائع نے بتایا کہ دو سال کے وقفے کے بعد کمپنی نے سرمایہ کاری میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شمالی چین کے علاقے تیان جن میں نیا پلانٹ قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ 2018ء تک مکمل کیا جائے گا اور اس پلانٹ میں سالانہ ایک لاکھ کاریں تیار کی جائیں گی۔
اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی اطلاعات آئی تھیں کہ کمپنی نے چین کے شہروں گوانگ ژو اور میکسیکو میں 1.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے 2013ء میں تھائی لینڈ میں پلانٹ قائم کیا تھا تاہم گزشتہ دو سالوں میں عالمی مارکیٹ میں طلب میں کمی اور دباؤ کی وجہ سے سرمایہ کاری کا عمل سست روی کا شکار تھا۔