تربت میں مزدوروں کا قتل،محنت کش طبقہ تین روزہ یوم سوگ منائے گا
لاہور(جنرل رپورٹر)ملک کا محنت کش طبقہ تربت بلوچستان میں 20 محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف تین روز تک سوگ منائے گا یہ فیصلہ آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ)کے زیراہتمام ایک ہنگامی اجلاس میں کیاگیا جس میں تربت میں 20 معصوم کارکنوں کو رات کے وقت ظالمانہ طور پر موت کا نشانہ بنانے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ۔ اجلاس میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے پْرزور مطالبہ کیاگیا کہ وہ مجرموں کو جلد گرفتار کرکے اْنہیں کیفر کردار تک پہنچائیں اور بلوچستان میں کارکنوں کو کام پر تحفظ فراہم کریں اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی ملازمت، تعلیم اور بیوگان کو ورکرز ویلفیئر فنڈ سے 25 لاکھ روپے فی کس ادا کریں اجلاس میں بزرگ مزدور راہنماء خورشید احمد جنرل سیکرٹری، روبینہ جمیل صدر، یوسف بلوچ چیئر مین ، اکبر علی خان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، اْسامہ طارق سیکرٹری، چوہدری محمد انور ، نیا زخان اور خوشی محمدکھوکھر نے خطاب کیا ۔