ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائی جائے،جماعت اسلامی کی قرارداد اسمبلی میں جمع
لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے صوبے میں تعلیمی مسائل کوحل اور زیادہ سے زیادہ طالب علموں کے لئے اعلیٰ تعلیم کاحصول آسان بنانے کے لئے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کے حوالے سے قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کروائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ’’یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تعلیم عام کرنے کے لئے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائی جائے‘‘۔علاوہ ازیں میڈیا کوجاری کردہ اپنے بیان میں کہاکہ ملک میں ہر سال لاکھوں طالب علموں میں سے صرف چندہزار بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرپاتے ہیں باقی نامساعد حالات کے باعث درمیان میں ہی تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے حصول میں آسانیاں پیداکرے۔ہر ضلع میں بڑی یونیورسٹیاں قائم ہونے سے اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں تعلیم کو عام نہیں کیا جاتاملک سے جہالت کے اندھیرے ختم نہیں ہوسکتے۔قرآن وحدیث میں بھی تعلیم کی اہمیت پرزور دیا گیا ہے،حکومت آئندہ بجٹ میں تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لئے کُل بجٹ کاکم ازکم40فیصد حصہ مختص کرے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مطالبہ کیاکہ وہ تعلیم دوستی کاثبوت دیتے ہوئے صوبے میں’’ایجوکیشن ایمرجنسی‘‘کااعلان کریں اور یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔تعلیمی نظام میں موجود خرابیاں دور کی جائیں۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے میرٹ کے نام پر اپنی مناپلی قائم کررکھی ہے جس کی وجہ سے غریب گھرانوں کے ذہین طالب علم اپنی تعلیم مکمل نہیں کرپاتے۔ذریعہ تعلیم قومی زبان اردومیں کیا جائے،ترقی یافتہ قوموں نے اپنی زبان کو ذریعہ تعلیم بناکردنیا میں ترقی حاصل کی۔انگریزی سمیت دیگر زبانوں کی اہمیت اپنی جگہ مگر نصاب اردوزبان میں جب تک نہیں ہوگاہم ترقی وخوشحالی کی منزل طے نہیں کرسکتے۔