ون ویلرز کیخلاف کریک ڈاؤن پولیس نے 12 افراد کو گرفتار کر لیا
لاہور (کرائم سیل )ڈ ی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر شہرکی مختلف سڑکوں پر نوجوانوں کی طرف سے موٹر سائیکل پر ون ویلنگ اور خطر ناک کرتب کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ۔کریک ڈاؤن کے دوران ون ویلنگ کرنے والے اور خطرناک طریقے سے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف7مقدمات درج کئے گئے جبکہ 12افراد کو ون ویلنگ اور خطر ناک طریقے سے موٹر سائیکل چلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ون ویلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مقصد نوجوانوں کی زندگیاں بچانا اور اصلاح کرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی اقبال ٹاؤن محمد اقبال نے ون ویلروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے ڈی ایس پی مسلم ٹاؤن سرکل عبداللہ جان کی سربراہی میں ایس ایچ او مسلم ٹاؤن ناصر حمید اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کینال روڈ سے 12افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 7مقدمات درج کر لئے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ ون ویلروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مقصد ون ویلنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان سے لوگوں کو بچانا ہے۔ ون ویلنگ کے خاتمے کے لئے والدین کا تعاون ضروری ہے، والدین کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل سے منع کریں تا کہ ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔