گجر پورہ ،جائیداد کے تنازع پر نوجوان نے فائرنگ کرکے بڑے بھائی کو قتل کر دیا
لاہور(کرائم سیل)گجر پورہ کے علاقہ میں جائیداد کے تنازع پر چھوٹے بھائی نے فائرنگ کرکے بڑے بھائی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا ۔پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں جمع کروا کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔اہل علاقہ اور مقتول کے لواحقین نے ’’ پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ کے علاقہ اینو بھٹیاں کے رہائشی 32سالہ محمد طارق کا کافی عرصہ سے چھوٹے بھائی الیاس کے ساتھ جائیداد کا تنازع چلا آرہاتھا ۔گزشتہ روز بھی دونوں بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر جھگڑا ہوگیا جس پر چھوٹے بھائی الیاس نے طیش میں آ کرا ندھا دھند فائرنگ کرکے بڑے بھائی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں بھجوا دیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کی دو بیویاں اور تین بچے ہیں ۔