گرمی کی شدت میں اضافہ ،ملک بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ
لاہور ،ملتان،فیصل آباد (وقائع نگار + سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈ نگ میں اضافہ دیکھنے کو آیاجبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت جنوبی پنجاب اور ملتان میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیااورحکومت سے بجلی کی بدتر ین لوڈشیڈ نگ ختم کر نے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اتوار کے روز بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر4 ہزار ایک سو میگا واٹ سے بھی تجاوز کر گیا اور پانی کا اخراج نہ بڑھنے سے پن بجلی کی پیداوار میں کمی آگئی۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب 13 ہزار آٹھ سو اور پیداوار نو ہزار سات سو میگا واٹ ہے ، جس سے بجلی کا شارٹ فال چار ہزار ایک سو میگا واٹ ہوگیا۔ حکام کے مطابق گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے لیکن منگلا اور تربیلا ڈیم سے زرعی ضروریات کے لیے پانی کا اخراج نہ بڑھنے سے پن بجلی کی پیداوار استطاعت سے تین گنا کم ہے ان حالات میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے شہری علاقوں کے لیے 6 اور دیہی علاقوں کے لیے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے لیکن شارٹ فال میں اضافے کی وجہ سے لاہور کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد ‘گوجرنوالہ اور سیالکوٹ سمیت دیگر بڑے شہروں میں 10سے12اوردیہاتی علاقوں میں 12سے14گھنٹے کی بدتر ین غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ جاری ہے جسکی وجہ سے گر می شروع ہو تے ہی بجلی کی لوڈشیڈ نگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں، لاہور کے علاوہ شاہدرہ ‘ملتان روڈ او ر چونگی امرسدھو سمیت دیگر مقامات پر جبکہ ملتان میں لاہور روڈ سمیت دیگر شہروں میں عوام کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ پراحتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔