یمن میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، پہلے ہی ملک کا بہت نقصان ہوچکا ، مشرف
کراچی (این این آئی) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو یمن میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے۔ دہشت گردی کی جنگ لڑتے لڑتے ملک کا کافی نقصان ہوچکا ہے، حکومت ان کی پالیسیوں پر چل رہی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے، اس کا اثر پاکستان پر پڑتا ہے۔ ہندوستان افغانستان کو اپنے مفاد کے لئے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یمن میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے کیونکہ پہلے ہی دہشت گردی کی جنگ لڑتے لڑتے پاکستان کا کافی نقصان ہوچکا ہے تاہم یمن کے مسئلے پر چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان کی حکومت میں مدد کے لئے اگر زبان دی ہے تو اسے ضرور پورا کرنا چاہئے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ترکی کے سعودی عرب اور ایران سے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ اگر حکومت ان کی پالیسیوں پر چل رہی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔