ٹی وی شو میں میزبان کے ساتھ اس کے ہم شکل روبوٹ نے ناظرین کو مشکل میں ڈال دیا
ٹوکیو (نیوز ڈیسک) جاپانی انجینئروں نے پہلی دفعہ ایک ٹی وی شو میں میزبان کے ساتھ اس کے ہمشکل روبوٹ کو بٹھایا تو ناظرین کے لئے دونوں میں فرق کرنا ناممکن ہوگیا۔ "Nippon TV" پر پیش کئے جانے والے زنانہ حلیے والے مرد میزبان ماٹسوکو ڈیلکس کا ٹی وی شو جاپان میں بہت مقبول ہے لیکن جب گزشتہ ہفتے اس شو میں ماٹسوکو کا ہمشکل روبوٹ بھی سٹیج پر آکر بیٹھ گیا تو عجیب صورتحال پیدا ہوگئی۔ یہ روبوٹ نہ صرف شکل و صورت کے اعتبار سے 100 فیصد ماٹسوکو جیسا ہے بلکہ اس کی آواز، انداز، جسم کی حرکات اور چہرے کے تاثرات سے بھی یہ پہچاننا مشکل ہے کہ یہ انسان نہیں بلکہ روبوٹ ہے۔اسے تیار کرنے والی کمپنی ہیروشی ایشیگورو کا کہنا ہے کہ فی الحال روبوٹ کی آوازیں اداکار پیدا کرتے ہیں لیکن یہ آنے والے کچھ شوز میں میزبان ماٹسوکو کو دیکھ کر اس کی آواز نکالنا بھی سیکھ جائے گا اور شو کی آخری اقساط تک یہ مکمل طور پرماٹسوکو کی جگہ لے سکے گا۔ماٹسوکو بھی اپنے ہمشکل روبوٹ کو دیکھ کر بہت خوش ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جب یہ شو کی ذمہ داری مکمل طور پر سنبھالنے کے قابل ہوجائے گا تو وہ لمبی چھٹی پر جانے کا خواب پورا کرسکے گا۔ شو کے ناظرین کا کہنا ہے کہ روبوٹ اس قدر حقیقی نظر آتا ہے کہ ان کے لئے اصل اور نقل میں فرق کرنا تقریباً ناممکن ہے۔اس روبوٹ کو تقریباً 55931 پا?نڈ (تقریباً 85 لاکھ پاکستانی روپے) کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جاپانی کئی سال پہلے ہی دنیا کے بہترین روبوٹ بنانے میں مہارت حاصل کرچکے ہیں اور باقی دنیا کے برعکس جاپان میں روبوٹوں کے لئے محبت اور شفقت کے جذبات بھی پائے جاتے ہیں اور لوگ ان سے کافی مانوس بھی ہیں۔