موبائل فون سموں کی بندش ، تصدیق کرائیں ، نمبرچلائیں

موبائل فون سموں کی بندش ، تصدیق کرائیں ، نمبرچلائیں
موبائل فون سموں کی بندش ، تصدیق کرائیں ، نمبرچلائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(محمد زبیراعوان) موبائل فون سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی طرف سے دی گئی ڈیڈلائن کے خاتمے کے ساتھ ہی غیرمصدقہ سموں کی بندش کا سلسلہ شروع ہوگیاہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ غیرمصدقہ سموں کی سروس عارضی طورپر بند کی گئی ہے اور بائیومیٹرک تصدیق کے بعد صارفین اپنی سمیں کھلواسکتے ہیں جبکہ سموں کی تصدیق کے مرحلہ کا آڈٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیے جانے کی غیرمصدقہ اطلاعات ہیں۔
پشاورآرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد حکومت نے موبائل فون سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کا حکم دیاتھا اور اِس ضمن میں 12اپریل کی ڈیڈلائن دی گئی تھی ۔ ڈیڈلائن کے خاتمے کے بعد پی ٹی اے حکام نے ڈیڈلائن میں مزید توسیع سے انکار کرتے ہوئے سموں کی بندش شروع کردی ہے اور کئی صارفین کی سمیں بند ہوچکی ہیں ۔
ٹیلی کام ذرائع کے مطابق بند ہونیوالی سموں سے صرف ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے اور منگل تک پی ٹی اے کو بند کی جانیوالی سموں کی فہرست دے دی جائے گی تاہم بند کی گئی سمیں ایک سال تک کسی اور نہیں دی جائیں گی اور صارفین کی بائیومیٹرک تصدیق کے انتظار میں زیرالتواءرہیں گی ۔
اس ضمن میں مختلف موبائل فون کمپنیوں نے اپنے صارفین کیلئے اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کروائے ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ بندہونیوالی سمیں بائیومیٹرک تصدیق سے بحال کرائیں ۔

دوسری طرف یہ بھی اطلاعات ہیں کہ موبائل فون سموں کی تصدیق کے مرحلہ کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیاگیاہے اور تمام کمپنیوں کی تصدیق شدہ سموں کے ڈیٹا کا ازسر نوجائزہ لیا جائے گا ۔ آڈٹ کے لیے پی ٹی اے نے وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو  آڈٹ کرنے کیلئے افسران کے نام دے گی ۔  اگر کسی بھی کمپنی کی کوئی بھی سم غیرتصدیق شدہ پائی گئی تو متعلقہ کمپنی کا سی ای او ذمہ دارہوگا۔

مزید :

لاہور -