وسیم اکرم اور رمیز راجہ میرے جونیئر، ہیڈ کوچ کیلئے انہیں انٹرویو نہیں دوں گا: محسن حسن خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ وسیم اکرم اور رمیز راجہ میرے جونیئر ہیں اس لیے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے انہیں انٹرویو نہیں دوں گا۔وقاریونس کے دور میں کرکٹ سیاست کی نظر رہی ، پی سی بی میں بے ایمان لوگوں کو عہدے دیے جارہے ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے امیدوار محسن حسن خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی پالیسی سمجھ سے بالا ترہے جب غیر ملکی کوچ لگانا تھا تو اخبار میں اشتہار کیوں دیا ؟ بے ایمان لوگوں کو عہدے دیے جارہے ہیں داغدار لوگوں نے کرکٹ بورڈ کو تباہ کردیا ہے ۔ وسیم اکرم اور رمیز راجہ میرے جونیئر ہیں اس لیے انہیں انٹرویو نہیں دوں گاہیڈ کوچ کیلئے درخواست صرف چیئرمین پی سی بی کو دوں گا ۔
انہوں نے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وقاریونس کے دور میں کرکٹ سیاست کی نظر رہی، وقار یونس کو 2 مربتہ کوچ بنایا ،انھوں نے کیا کیا؟ وہ دو سال تک کوچ رہنے کے باوجود روتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوالیفائیڈ کوچ کی بات کی جاتی ہے تو ڈیوڈ واٹمور نے پاکستان کی کرکٹ کو کیا دیا ۔ بحیثیت کھلاڑی ، سلیکٹر اور کوچ میں نے ملک کی خدمت کی ہے میری کوچنگ میں ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی تھی اورپاکستان کی کوچنگ میں میرا ریکارڈ سب سے اچھا ہے ۔ میرے دور میں قومی ٹیم نے سری لنکا کو تینوں فارمیٹ کی سیریزمیں شکست دی ،انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریزمیں وائٹ واش کیا اور بنگلہ دیش کو بھی تینوں فارمیٹ میں شکست دی تھی۔