انٹرکانٹینینٹل کپ، افغانستان نے نمیبیا کو اننگز اور 36 رنز سے ہرا دیا

انٹرکانٹینینٹل کپ، افغانستان نے نمیبیا کو اننگز اور 36 رنز سے ہرا دیا

  



دہلی (اے پی پی) آئی سی سی انٹرکانٹینینٹل کپ، افغانستان نے چار روزہ میچ میں نمیبیا کو اننگز اور 36 رنز سے شکست دے دی، نمیبیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ظاہر خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں، محمد شہزاد کو شاندار سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس فتح کے بعد افغان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔گریٹر نوئیڈا سپورٹس کمپلیکس میں چار روزہ میچ کے تیسرے روز نمیبیا کی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 19 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 143 درکار تھے، نمیبیا کے بلے باز افغان باؤلرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پکے فرانس 40 اور گرہارڈ اریسموس 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ظاہر خان نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دولت زدران نے تین اور محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد شہزاد کو 139 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ نمیبیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں افغانستان نے 334 رنز بنائے تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...