پلاک کے زیر اہتمام قوال استاد جاوید سلامت کا تعزیتی ریفرنس
لاہور(فلم رپورٹر)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ملک کے نامور قوال استاد جاوید سلامت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کے معروف قوال، گلوکار اور ادبی شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔ استاد جاوید سلامت کی شخصیت اور فن پر گفتگو کرنے والوں میں استاد حامد علی، استاد شوکت علی، استاد امانت علی، استاد اخترشریف قوال، صاحبزادہ انوار الحسن کاشف، صاحبزادہ سعید صابری، صاحبزادہ حسن شاہ، استاد شیر علی مہر علی قوال، ندیم سلامت، ایوب عافی اور ڈائریکٹر پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف شامل تھیں۔ استاد جاوید سلامت ایک کہنہ مشق قوال تھے اور انھوں نے دنیا کے بہت سارے ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اپنے عظیم باپ بخشی سلامت کے بعد قوالی کے میدان میں نئے اضافے کئے اور اُس کو بامِ عروج تک پہنچایا۔ وہ ایک اچھے قوال ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بھی تھے۔ اُن کی شخصیت کا اعجاز تھا کہ جو بھی اُن سے ملتا اُن کے سحر میں مبتلا ہو جاتا۔ تمام مقررین نے بھیگی پلکوں سے انھیں خراج عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ ڈائریکٹر پِلا ک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پِلاک کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ملک کی نامور شخصیات کے بارے میں اِس طرح کے ریفرنس کروائے جاتے رہیں تاکہ ہماری موجودہ نسل کو اِس بارے میں آگاہی ملتی رہے۔