پیداواری لاگت کو کم کرنے میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی: چوہدری نواز

پیداواری لاگت کو کم کرنے میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی: چوہدری نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد (بیورو رپورٹ) بین الاقوامی چیلنجز کے تناظر میں پاکستان کو اپنی زراعت صنعت اور برآمدات کو عالمی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے ، پیداواری لاگت کو کم کرنے میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے آج نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے 19 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے فیصل آباد چیمبر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی نظام کو چلانے میں افسران کو کلیدی اہمیت حاصل ہے جس جس محکمے میں اچھے افسر آتے ہیں ان کے معاملات از خود ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل ٹیکس آفس میں سینکڑوں کیس گزشتہ 2 سالوں سے زیر التواء تھے۔ موجودہ افسران ان کو تیزی سے حل کر رہے ہیں کیونکہ اس صورت میں حکومت کو محاصل حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے ٹیکس دینے والوں پر بھی زور دیا جاتا ہے حالانکہ افسران کو موجودہ ٹیکس دہندگان کی بجائے نئے ٹیکس دہندگان کی تلاش کرنی چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار اپنی سوشل کارپوریٹ ذمہ داریوں کو بھی پوری طرح نبھا رہے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں کئی اہم اور بڑے ہسپتالوں کے علاوہ اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں بھی چل رہی ہیں۔
سینئر نائب صدر سید ضیاء علمدار حسین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ یہ ملک کا تیسرا بڑا اور اہم چیمبر ہے جس کے ممبران کی تعداد 5000 ہے۔ پہلے فیصل آباد کو صرف ٹیکسٹائل کے مرکز کے طور پر ہی جانا جاتا تھا مگر آج یہاں ہر قسم کا کاروبار ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ اور سب سے بڑی رائس ملز بھی اسی علاقہ میں واقع ہے۔ بینکنگ کے شعبہ میں کئی بنک یہاں کی کاروباری شخصیات چلا رہی ہیں۔ اسی طرح فونڈری سمیت دیگر شعبوں نے بھی قابل قدر ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سال قبل تک فیصل آباد ایک بڑے دیہات کی طرح تھا تاہم بیوورکریسی کی وجہ سے آج اس نے جدید شکل اختیار کر لی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کی 13 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اس شہر کا حصہ 6 ارب ڈالر ہے۔ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتھک کوششوں کی وجہ سے اب بڑی صنعتوں کو چوبیس گھنٹے جبکہ چھوٹی صنعتوں کو بیس گھنٹے بجلی مل رہی ہے ۔ سٹیٹ بینک کی بہترین مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے انٹرسٹ ریٹ بھی کم ہوا ہے جبکہ ضرب عضب کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مثبت معاشی اعشاریوں کے باوجود برآمدات میں کمی لمحہ فکر یہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کی بڑی وجہ پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ برآمدکنندگان کے 200 ارب کے ری فنڈ کلیم زیر التواء ہیں اور وہ اپنی روزہ مرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بینکوں سے قرض لینے پر مجبور ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ اس سال جولائی سے برآمدات کیلئے زیرو ریٹنگ کا طریق کار اختیار کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے مگر ہماری فی ایکڑ پیداوار بہت کم ہے جبکہ پیداواری لاگت اور اجناس کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ اس سلسلہ میں موجود ہ پالیسیوں کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگرچہ زرعی شعبہ کیلئے سبسڈی کا آغاز کیا مگر عملاً یہ سبسڈی اس سیکٹر کو منتقل ہی نہیں ہوئی۔ حکومت کو دکھاوے کے اقدامات کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہیءں جن کی وجہ سے کسانوں کی پیداواری لاگت کم ہو سکے۔ نائب صدر جمیل احمد نے بتایا کہ دنیا کے کئی ملکوں میں بی ٹی کاٹن کی وجہ سے پیداوار بڑھی ہے ۔ ہم کپاس کی دس لاکھ گانٹھوں سے ایک سے ڈیڑھ ارب کماتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش ویلیو ایڈیشن سے اس سے 6 ارب ڈالر کمارہا ہے۔ نیشنل مینجمنٹ کالج کے فیکلٹی ممبر اور ڈائریکٹنگ سٹاف طارق نجیب نجمی نے کہا کہ تین سال قبل سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے مطالعاتی دورہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اب ہم تیسری دفعہ اس چیمبرمیں آئے ہیں اور ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے فیصل آباد چیمبر آنے کا درست فیصلہ کیا تھا کیونکہ اس سے ہمیں صنعت و تجارت سے متعلق بہت کچھ سیکھنے کاموقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ پڑھے لکھے مگر سادہ ہیں اور ان سے معاملات طے کرنا بہت آسان ہے۔ اس سے قبل 19 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے اپنا تعارف کرایا اور فیصل آباد کی صنعت و تجارت سے متعلق مختلف قسم کے سوالات بھی کئے۔ اس تقریب میں سابق صدر میاں زاہد اسلم، انجینئر رضوان اشرف، فاروق یوسف، رانا محمد سلیم، چوہدری مشتاق احمد ، حاجی محمد شفیع سمیت چیمبر کی ایگزیکٹو کے کئی ممبران نے بھی شرکت کی۔ آخر میں ڈائریکٹنگ سٹاف طارق نجیب نجمی نے فیصل آباد چیمبر کے صدر چوہدری محمد نواز کو نیشنل مینجمنٹ کالج کا نشان پیش کیا جبکہ سابق صدر میاں زاہد اسلم نے بھی طارق نجیب نجمی کو فیصل آباد چیمبر کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔

مزید :

کامرس -