پانامہ لیکس کی سچائی کھُل کر سامنے آ چکی ہے،عبدالعلیم خان

پانامہ لیکس کی سچائی کھُل کر سامنے آ چکی ہے،عبدالعلیم خان

  



لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بیماری کے بہانے سے سرکاری خرچے پر نواز شریف کی لندن یاترا کا بھانڈہ قبل از وقت ہی پھوٹ چکا ہے پانامہ لیکس کی سچائی کھُل کر سامنے آ چکی ہے اور ہر آنے والا دن حکمرانوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اب وہ عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکیں گے اور اس مرتبہ فیصلہ کن جدوجہد منطقی انجام تک پہنچے گی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے والوں نے پھر ثابت کیا ہے کہ وہ بوگس طریقوں سے الیکشن جیتے تھے

اور وہ اپنا عرصہ اقتدار مکمل نہیں کر پائیں گے جی کا جانا ٹھہر چکا ہے آج جائے یا کل، اب حکومت کو ہاتھ پاؤں مارنے اور جعلی سروے چھپوانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کچن کیبنٹ ہی اُن کی تباہی کا باعث بنے گی اور انہیں غلط مشورے دے کر بند گلی میں داخل کیا جا رہا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوامی اُمنگوں کے مطابق تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور انشا ء اللہ عمران خان کی قیادت میں کراچی سے خیبر تک عوام کا جم غفیر ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے باہر نکلے گا، پی ٹی آئی بلا تفریق احتساب کرنے کی خواہاں ہے تا کہ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں اسلامی و جمہوری ریاست بنایا جا سکے عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی ممبر شپ مہم جاری رکھیں اور 24اپریل کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس میں شرکت کیلئے لوگوں کو باہر لائیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1