ایل ڈی اے سکیموں میں تجاوزات کی بھرمار، سڑکیں سکڑ گئیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں

ایل ڈی اے سکیموں میں تجاوزات کی بھرمار، سڑکیں سکڑ گئیں ، کوئی پوچھنے والا ...

  



لاہور (نیوز ڈیسک) ایل ڈی اے کی سکیموں میں گھروں کے سامنے واٹر سپلائی اور سیوریج کے لئے چھو ڑی جانیوالی جگہ پر پختہ تجاوزات قائم کر دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اپنی رہائشی سکیموں ایم اے جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن ،اقبال ٹاؤن،ماڈل ٹاؤن،قائداعظم ٹاؤن،گلشن راوی ، سبزہ زار سکیم ،تاجپورہ سکیم گجر پورہ سکیم وغیرہ میں شہریو ں نیگھرکے سامنے پارک کی آڑ میں پختہ قسم کی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں اورباقاعدہ طور پرسڑک کو اپنے گھر میں شامل کررکھا ہے اورایسا کئی سالوں سے ہو رہا ہے مگر ایل ڈی اے انتظامیہ خاموش دکھائی دیتی ہے ۔ نقشہ پر اگر سڑک30 فٹ ہے تو موقعہ پر صرف 10 فٹ رہ گئی ہے 10،10 فٹ پردونوں طرف سے انکروچمنٹ کر کے گھر کا حصہ بنا لیا گیا ہے اور ایسا تمام سکیموں میں ہو رہا ہے اور کئی کئی سالوں سے ہو رہاہے جبکہ ایل ڈی اے کے افسران اور اہلکار ہر روز وہاں سے گزرتے ہیں لیکن انہیں منع نہیں کرتے اس حوالے سے جب انکروچمنٹ کرنیوالوں سے پوچھا گیا کہ آپ نے یہ کیوں کر رکھا ہے یہ تو غیر قانونی ہے وہ تو بڑے ناراض ہوئے کہ آپ کون ہوتے ہیں ہم سے پوچھنے والے گھر اور سڑک کے درمیان جو جگہ ہے اس کے مالک ہی ہم ہیں پھر جب اس بارے ایل ڈی اے کے افسران سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ نہیں ایسی کوئی بات نہیں اصل میں ایل ڈی اے کی تمام سکیموں میں انکروچمنٹ کا کام ضلعی گورنمنٹ کا کام ہے اور اگر کہیں انکروچمنٹ ہوتی ہے تو اس کو ضلعی گورنمنٹ ہی گراتی ہے یہ ایل ڈی اے کی ذمہ داری نہیں اور اس حوالے سے جب ضلعی گورنمنٹ کے افسران سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کی سکیموں میں ہمارا کوئی کام نہیں وہاں صرف ایل ڈی اے ہی کاروائی کرتا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1