پیف کے ذریعے ذہین طالب علم اپنی تقدیر خود لکھ رہے ہیں ،طارق محمود
لاہور(خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں سے غریب اور بے وسیلہ بچوں کو تعلیم کے ذریعے اپنی زندگیا ں بدلنے کا موقع ملا ہے۔ اس طرح غربت کے منحوس چنگل سے نجات پانے کے بعد بے وسیلہ مگر ذہین طالب علم اپنی تقدیر خود لکھ رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس فاؤنڈیشن نے ضرورت مند بچوں کے گھروں کے نزدیک مفت و معیار ی تعلیم کا مکمل میکنزم قائم کردیا ہے۔اس مفید سہولت سے طالبات کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے ۔یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے آزاد کشمیر کے دس رکنی اعلیٰ سطحی وفد کو اپنے دفتر میں بریفنگ کے دوران بتائی۔ وفد کی قیادت آزاد کشمیر میں ایجوکیشن فار آل منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ظہیرحسین گردیزی کر رہے تھے۔
طارق محمود نے وفد کو بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بدولت صوبے کے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے نجی سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔پیف کے ساتھ پارٹنرشپ سے ان سکولوں کامجموعی معیا ر تعلیم بہتر ہوا ہے اور میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولت سے بے وسیلہ گھرانوں کے بچوں کو تعلیمی اخراجات سے نجا ت ملی ہے۔انہوں نے بتایاکہ 36اضلاع میں چھ ہزار سے زائدپارٹنر سکولوں کے ساتھ منسلک اساتذہ کی کل تعداد 75ہزار ہے۔ان اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کی غرض سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ٹیچرز سرٹیفیکیشن کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے اور کوالیفائڈ ٹیچرز کی حوصلہ افزائی ہو۔اس طرح نجی شعبہ کو کوالیفائڈ ٹیچرز کا وسیع پول بھی دستیا ب ہوگا جس سے معیاری تعلیم کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ مختلف پروگرام ڈائریکٹرز نے مفت تعلیم کے منصوبوں پر پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اس موقع پر ظہیر گردیزی اور ان کے وفد نے پیف کی تعلیمی کارکردگی کو سراہااور کہا کہ آزاد کشمیر میں مفت تعلیم کے منصوبوں کے اجراء میں پیف سے تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی۔