پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا مقصد مستحق طلبہ کو وظائف مہیا کرنا ہے،ترجمان

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا مقصد مستحق طلبہ کو وظائف مہیا کرنا ...

  



لاہور (خبر نگار) پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈحکومت پنجاب کا قائم کردہ ادارہ ہے ۔اس کے قیام کا مقصد ہونہاراور مستحق طلبا و طالبات کو تعلیمی سفر جاری رکھنے کے لئے وظائف مہیا کرنا ہے ۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد دوارب روپے سے رکھی گئی تھی ۔اب اس کی انڈومنٹ فنڈ کی رقم سولہ (16) ارب ہے اور اپنے قیام سے لے کر آج تک پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ایک لاکھ پچاس ہزار (150,000) طلبا کو وظائف مہیا کر چکا ہے جس کی مالیت سات ارب روپے سے زائد ہے ۔پیف کے ترجمان کے مطابق پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈذہین طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے وظائف مہیا کرتا ہے کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی معاشی و سماجی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

۔سماجی اور معاشی ترقی میں نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈاور عزم پاکستان پر وگرام نے میلکس اینڈ مائر کے تعاون سے " منزل مراد " پروجیکٹ شروع کیا ہے ۔

ابتدائی طورپر اس پروجیکٹ کو پنجاب کے تین اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے۔ جن میں ملتان ،بہاول پور ،اور مظفر گڑھ شامل ہیں ۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اس مقصد کے لئے تربیت فراہم کرنا کہ وہ اپنے علاقے میں نوجوانوں میں تعلیم کا شعور بیدار کر سکیں اور ان کو ملکی ترقی کے عمل میں شرکت کے لئے تیار کر سکیں۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصدمعاشرے میں تعلیم حاصل کرنے کا شعور بیدار کرنا اور معاشرے میں امن و آشتی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سماجی شعور کا حامل ایسا معاشرہ تیار کرناہے جس میں تمام افراد کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4